ایک اور شہر میں تعلیمی ادارے 2 دن کے لیے بند

مری تعلیمی ادارے

مری : موسم کی صورتحال کے پیش نظر مری میں بھی تعلیمی اداروں کو دو روز کے لیے بند کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق مری میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر مری میں آئندہ دو روز کے لیے تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کر دیا گیا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہریوں کے تحفظ کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مری میں صبح سے اب تک تقریباً 74 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، جبکہ لینڈ سلائیڈنگ اور طوفانی بارشوں کے خدشات موجود ہیں۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ راولپنڈی، مری، جہلم، چکوال اور اٹک میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے ، ممکنہ طوفانی بارشوں سے نمٹنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے شہریوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔

مزید پڑھیں : سیاحوں کو دو دن کیلیے خصوصی ہدایات جاری

یاد رہے پی ڈی ایم اے پنجاب نے مری اور گلیات میں 17 سے 19 اگست تک سیاحوں کی نقل و حمل محدود کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

مراسلے کے مطابق طوفانی بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، سیاح ممکنہ کلاؤڈ برسٹنگ کے پیش نظر محفوظ مقامات پر رہیں۔

اس کے علاوہ مری میں بھی سیاحوں کی آمد پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ مری کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔