سندھ میں بارش کے دوران آندھی اور بجلی گرنے کی پیشگوئی

کراچی (18 اگست 2025): آج سے 22 اگست تک سندھ بھر میں تیز بارشوں کا امکان ہے اس دوران اربن فلڈنگ آندھی اور بجلی گرنے کے بھی امکانات ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے موسم سے متعلق نئی پیشگوئی جاری کی ہے۔ اس کے مطابق ملک بھر میں مون سون کا طاقتور سسٹم اثر انداز ہوچکا ہے۔ اس نئے سسٹم کے تحت آج سے 22 اگست تک بارشوں کا امکان ہے۔

مون سون کے اس نئے سسٹم کے تحت سندھ میں موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری پیشگوئی کے مطابق صوبے میں آندھی کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا امکان اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے جب کہ بارش کے ساتھ آندھی چلنے اور بجلی گرنے کے خدشات بھی موجود ہیں۔

آج سے شروع ہونے والے مون سون سسٹم کے تحت جیکب آباد، شکارپور، لاڑکانہ، قمبر، شہداد کوٹ، گھوٹکی، سکھر، کشمور اور نوشہروفیروز میں بارش متوقع ہے، جس کا سلسلہ 22 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔

اس کے علاوہ دادو، میرپورخاص، شہید بے نظیر آباد، حیدر آباد میں وقفے وقفے سے ان پانچ دنوں کے دوران بارش کا امکان ہے جب کہ جامشورو، ٹنڈو محمد خان، ٹھٹھہ، سجاول میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے اسی دوران تھرپارکر میں بھی درمیانی اور تیز شدت کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

کراچی میں بھی آج سے 22 اگست تک بادل برسیں گے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی راجستھان پر موجود سائیکلونک سرکولیشن کے اثرات 18 اگست کی شام یا رات تک کراچی میں داخل ہوں گے، جس کے نتیجے میں شہر میں بارشوں کا آغاز ہوگا۔

موسم کا حال بتانے والوں نے کہا آج شہر میں ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش متوقع ہے جبکہ 20 اور 21 اگست کو گرج چمک کے ساتھ تیز اور موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ 22 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔