اداکار سید جبران نے انکشاف کیا ہے کہ وہ شوٹنگ کے دوران اڈیالہ جیل میں پھانسی لگنے سے بچ گئے تھے۔
شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار سید جبران نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مزاحیہ پروگرام میں شرکت کی اور اس دوران مختلف موضوعات پر اظہار خیال کیا۔
اداکار نے بتایا کہ شروع کے دنوں کی بات ہے جب اڈیالہ جیل میں شوٹنگ چل رہی تھی، پھانسی کا سین تھا، چلتے ہوئے مجھے آنا ہے پھر مجھے ماسک پہنا کر بندے نے لیور کھینچنا ہے۔
سید جبران نے کہا کہ ون شاٹ تھا اور نیچے جو تختہ موجود تھا وہاں زنجیریں لگی ہوئی تھیں تالے بھی لگے تھے اس نے کھلنا نہیں تھا، جب اس بندے نے لیور کھینچنے کی کوشش کی تو وہ پھنس گیا اور ڈائریکٹر نے کٹ کردیا۔
یہ پڑھیں: اہلیہ سے کس بات پر ڈانٹ پڑتی ہے؟ سید جبرن نے بتادیا
اداکار کے مطابق ڈائریکٹر نے کہا کہ تم نے سارا شاٹ خراب کردیا پھر انہوں نے اسسٹنٹ سے پوچھا کہ لیور پکڑنے تک کا سین آگیا اس نے بتایا کہ جی آگیا پھر مجھے کہا کہ آپ سائیڈ میں ہوجائیں کیمرا مین کو بولا گیا کہ لیور کا شاٹ لے لو ایڈٹ میں جوڑ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اب میں اتر کر سائیڈ میں ہوگیا، جب ڈائریکٹر نے دوبارہ ایکشن بولا تو وہ تختہ کھل گیا، پانچ سے چھ سیکنڈ کے بعد مجھے احساس ہوا کہ یہ ہوا کیا ہے، میری نظر ڈائریکٹر پر گئی تو وہ بھی مجھے دیکھ رہے تھے۔
سید جبران کے مطابق ڈائریکٹر ان کے پاس آئے اور کہا کہ صدقہ دے دیں اور سب بھول جائیں۔