کراچی (19 اگست 2025) سعدی ٹاؤن کے رہائشی ڈاکٹر دانش کی چوری ہونے والی کار ایک ماہ گزرنے کے بعد بھی برآمد نہیں کی جاسکی۔
کار چوری کے مقدمے کے اندراج کے باوجود اے وی ایل سی پولیس تاحال کار کا سراغ لگانے میں ناکام ہے، نجی اسپتال کا ڈاکٹر مریضوں کو چھوڑ کر تھانے کے چکر لگانے پر مجبور ہوگیا، متاثرہ شہری نے وزیر اعلیٰ سندھ اور آئی جی سے اپنی گاڑی برآمد کرانے کی اپیل کردی۔
اے آر وائی نیوز کراچی کی رپورٹ کے مطابق اے وی ایل سی سچل کی ٹیم ایک ماہ قبل چوری ہونے والی گاڑی تاحال برآمد نہ کراسکی۔
رپورٹ کے مطابق 14 جولائی کو ڈاکٹر دانش ڈیوٹی کے بعد اپنے گھر سعدی ٹاؤن آیا تھا، ایک گھنٹے بعد گھر کے باہر آیا تو دیکھا کہ کار چوری ہوچکی تھی۔
ڈاکٹر دانش کا کہنا ہے کہ میں نے واردات کی اطلاع فوری طور پر سی پی ایل سی، پولیس اور اے وی ایل سی کو دے دی تھی۔
اس کے علاوہ ساتھ اداروں کو ملزمان کے واضح چہروں والی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی فراہم کردی تھی لیکن ایک ماہ گزرنے کے بعد بھی ملزمان گرفتار ہوئے نہ ہی گاڑی ملی۔
ڈاکٹر دانش کا کہنا ہے کہ متعلقہ دفاتر میں متعدد چکر لگائے مگر اب تک کچھ نہیں ہوا، متعلقہ حکام سے اپیل ہے کہ ملزمان گرفتار کرکے گاڑی ریکور کرائی جائے۔