صوابی : طوفانی بارشیں، 8 مکانات منہدم، درجنوں افراد جاں بحق

صوابی

مردان : خیبر پختونخوا کے شہر صوابی میں پیر کے روز ہونے والی طوفانی بارشوں کے باعث متعدد مکانات منہدم ہوگئے، برساتی نالوں سے 9 لاشیں نکال لی گئیں۔

صوابی میں کلاؤڈ برسٹ اور لینڈسلائیڈنگ نے ہر طرف تباہی مچا دی، سیلابی ریلوں کے باعث کئی گھر ڈوب گئے جبکہ متعدد افراد ریلے میں بہہ گئے, پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے مختلف مقامات پر لینڈسلائیڈنگ بھی ہوئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق صوابی گدون دالوڑی میں شدید طوفانی بارشوں کے باعث اب تک 8 مکانات منہدم اور درجنوں افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔

اس حوالے سے ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیموں نے گرنے والے مکانات کے ملبے سے اب تک 9 لاشیں نکالی ہیں جبکہ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ 15سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق آپریشن میں 90 اہلکار،13 ایمبولینسیں اور 3 ڈیزاسٹر گاڑیاں حصہ لے رہی ہیں، اس کے علاوہ ایک واٹر باؤزر، 3پک اپس،2 واٹر ریسکیو یونٹس اور ایک ریکوری وہیکل بھی آپریشن میں شامل ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایجنسی کے مطابق جمعرات سے شروع ہونے والی بارشوں کے بعد سے خیبر پختونخوا میں اب تک 340 سے زائد افراد جان سے جا چکے ہیں اور مزید سیلاب کے خدشے کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں : بونیر میں پورے پورے گاؤں دفن، ملبہ اجتماعی قبریں بن گئیں

تازہ بارشوں کے بعد لاپتہ افراد کی تلاش کا کام روک دیا گیا، حالانکہ رضاکار اور ریسکیو اہلکار ممکنہ زندہ بچ جانے والوں اور ملبے سے لاشوں کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔