صوابی میں کلاؤڈ برسٹ سے تباہی کی ایک اور داستان رقم ، 18 افراد جاں بحق

صوابی میں کلاؤڈ برسٹ سے تباہی کی ایک اور داستان رقم ، 18 افراد جاں بحق

صوابی : خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں کلاؤڈ برسٹ نے تباہی کی ایک اور داستان رقم کردی، سیلاب کے باعث حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد اٹھارہ ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب نے وسیع پیمانے پر تباہی مچادی ہے، صوابی میں کلاؤڈ برسٹ نے تباہی کی ایک اور داستان رقم کردی ، دالوری گدون کا پورا علاقہ تہس نہس ہو گیا، درجنوں مکانات زمین بوس ہوگئے اور کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ اب تک 18 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ متعدد افراد تاحال لاپتا ہیں تاہم علاقے میں ریسکیو آپریشن تیزی سے جاری ہے۔

سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچایا ہے، کئی علاقے ایک دوسرے سے کٹ گئے ہیں جبکہ بجلی اور مواصلات کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہوگیا ہے۔

باتا سے داروڑئی جانے والی مرکزی سڑک بہہ گئی ہے اور مقامی افراد رسیوں کے ذریعے ندی نالے عبور کرنے پر مجبور ہیں۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ صوابی میں کئی کئی فٹ اونچے ریلے مکانوں، گلیوں اور بازاروں کو بہا لے گئے، لوگوں نے چھتوں پر چڑھ کر جانیں بچائیں۔ صرف صوابی میں 15 گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ علاقہ مکینوں کو خدشہ ہے کہ ملبہ ہٹنے کے بعد درجنوں مزید لاشیں نکل سکتی ہیں۔

دوسری جانب سوات کے مینگورہ، شانگلہ اور بٹگرام میں بھی تباہی کا سلسلہ جاری ہے۔ شانگلہ میں ستائیس رابطہ پل، چھپن اسکول اور متعدد سڑکیں سیلابی ریلوں میں بہہ گئیں۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی و بحالی کے کام جاری ہیں اور لاپتا افراد کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن دن رات جاری ہے