کراچی میں بارش ، کے الیکٹرک کے 350 فیڈرز ٹرپ کرگئے

کراچی میں بارش ، کے الیکٹرک کے 350 فیڈرز ٹرپ کرگئے

کراچی: موسلا دھار بارش کے باعث 350 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے ، جس کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں کے- الیکٹرک کے 350 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہو گئے اور متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

منظور کالونی، ڈی ایچ اے، اختر کالونی، ایف بی ایریا بلاک 2 اور 6، سلطان آباد، مائی کلاچی روڈ کے اطراف، گلشن اقبال بلاک 4، عزیز آباد اور کورنگی کے مختلف علاقوں میں بجلی بند ہے۔

ترجمان کے ای نے بتایا ادارے کا بجلی تقسیمی نظام مستحکم ہے اور اس وقت کراچی کو 2100 میں سے 1770 سے زائد فیڈرز سے بلاتعطل بجلی کی فراہمی جاری ہے تاہم فیلڈ ٹیموں کی کوششوں سے متاثرہ فیڈرز کی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

مزید پڑھیں : کراچی میں بارش، کے الیکٹرک نے ہدایات جاری کر دیں

بحال کیے جانے والے علاقوں میں ڈیفنس پاسپورٹ آفس، سرور شہید روڈ، کلفٹن بلاک 8 اور 9، پی ای سی ایچ ایس بلاک 2، مین شاہراہِ قائدین، گلستان جوہر کے بلاک 3 اور 14، بلدیہ ٹاؤن کے سیکٹر 4-A، سعید آباد، پاکستان نیوی ہاؤسنگ اسکیم ماڑی پور، اورنگی کے قطر اسپتال، اقبال مارکیٹ، شاہ ولی اللہ نگر، اوتھل و سرجانی کے چیزال آباد، کریم دینو گُڈو گوٹھ اور حب ڈیم کے علاقے شامل ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ حفاظتی پروٹوکول کے تحت نشیبی علاقے اور تجاوزات والے علاقوں میں بجلی عارضی طور پر منقطع کی جاتی ہے۔ ادارے کا عملہ مکمل طور پر متحرک ہے اور شہری انتظامیہ و ایمرجنسی مینجمنٹ کے متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

صارفین بجلی کی ایمرجنسی شکایت کے لیے 118 پر رابطہ کر سکتے ہیں، یا کے ای واٹس ایپ، سوشل میڈیا چینلز اور کے ای لائیو ایپ کے ذریعے فوری اطلاع دے سکتے ہیں۔