کراچی (19 اگست 2025): سندھ حکومت نے کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف تیز اور بے رحمانہ آپریشن کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت کچے میں امن و امان یقینی بنانے کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں کمانڈر کور فائیور لیفٹیننٹ جنرل محمد دستگیر، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، وزیر داخلہ ضیا لنجار، ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد شمریز، سیکریٹری داخلہ اقبال میمن، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، ایڈیشنل آئی جیز اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ کچے کے علاقے میں ہر صورت امن و امان بحال رکھنا ہے، اغوا برائے تاوان کی کوئی واردات برداشت نہیں کی جائے گی، اجلاس طلب کرنے کا مقصد ڈکیتوں کو ہر صورت ختم کرنا ہے، 2024 سے کچے میں پولیس اور رینجرز مل کر آپریشن کر رہی ہیں، چاہتا ہوں کچے کے علاقے میں آپریشن تیز اور بے رحمانہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں: کچے کے ڈاکوؤں کا پولیس پر حملہ، 5 ایلیٹ اہلکار شہید
مراد علی شاہ نے کہا کہ جو ڈاکو ہتھیار ڈالیں گے ان کے ساتھ رعایت برتی جائے گی۔
کچے میں فیصلہ کن آپریشن کیلیے وزیر داخلہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی مانیٹرنگ کمیٹی قائم کی گئی جس میں سیکریٹری داخلہ، ڈی جی رینجرز، آئی جی پولیس اور دیگر اداروں کے افسران شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے آپریشن کے عمل درآمد کیلیے بھی ایک اور اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ کو کچے میں آپریشن کے حوالے سے مختلف اداروں کی بریفنگ دی گئی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے پولیس کو جدید اسلحہ سے لیس کیا ہے، ٹیکنالوجی کی مدد سے آپریشن کے نمایاں نتائج مل رہے ہیں اور مزید حاصل کریں گے۔
صوبائی حکومت نے کچے میں آپریشن پر پنجاب حکومت کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ حکومت کچے میں ترقیاتی کام کروائے گی، روڈ نیٹ ورک بنایا جائے گا، تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کچے میں رہنے والے پُرامن لوگ بھی امن و امان چاہتے ہیں، عوام کے جان و مال کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، فیصلہ کن آپریشن لاڑکانہ اور سکھر کے کچے میں تیز کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کچے میں آپریشن کے دوران کچے عرصے کیلیے انٹرنیٹ سہولت بند کی جائے گی۔
ترجمان وزیر اعلیٰ کے سندھ مطابق اجلاس میں کچے کے ڈاکوؤں کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کرنے فیصلہ کیا گیا۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے آپریشن میں کوآرڈینیشن بڑھائیں گے۔
اجلاس میں پولیس، رینجرز اور دیگر اداروں کو کچے میں بہترین کام کرنے پر سراہا گیا۔