کراچی میں رین ایمرجنسی نافذ ، عملے کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم

کراچی : شہر قائد میں رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

میئر نے ہدایت کی ہے کہ بلدیاتی اداروں کا تمام عملہ گراؤنڈ پر موجود رہے اور نکاسی آب کے انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) کے تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر کسی مقام پر کام میں تاخیر یا شہریوں کی شکایت موصول ہوئی تو سخت ایکشن لیا جائے گا۔

میئر کراچی کا کہنا ہے کہ میں خود سڑکوں پر موجود ہیں اور تمام عملہ بھی فیلڈ میں ہے تاکہ بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔

کراچی میں بھی بادل برس پڑے، مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش

انہوں نے خصوصاً کے ایم سی کے زیر انتظام 46 نالوں اور اہم ٹاؤن نالوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی تاکہ بارش کے پانی کے نکاس میں رکاوٹ اور اربن فلڈنگ کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔

خیال رہے کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش سے مرکزی سڑکیں تالاب بن گئیں۔ ٹاور، گرومندر، صدر موبائل مارکیٹ اوراطراف میں سڑکوں پرپانی جمع ہے۔

نارتھ ناظم سے ناظم تک ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا جبکہ مختلف مقامات پرپانی جمع ہونے سے گاڑیاں، موٹرسائیکلیں بند ہوگئیں، جس کے باعث شہری سڑکوں پر رل گئے۔