کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے موسلادھار بارش کے باعث شہر میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا کہ مون سون کا حالیہ سسٹم انتہائی طاقتور ہے، جس کے اثرات خیبرپختونخوا میں دیکھے جارہے ہیں، آج اور کل شہر میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شدید بارش کے پیشِ نظر اربن فلڈنگ اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے، ہر میں اگلے دو روز تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
شہر قائد میں گزشتہ کئی روز سے شدید گرمی اور حبس نے شہریوں کو پریشان کر رکھا ہے، تاہم ماہرین موسمیات کے مطابق بادل برسنے سے گرمی کی شدت میں کمی آئے گی۔
کراچی میں بھی بادل برس پڑے، مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش
محکمے کا کہنا ہے کہ ہواؤں کی سمت آئندہ چند روز میں تبدیل ہوتی رہے گی، جبکہ ہوا کا کم دباؤ مغرب اور شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔
کراچی کے علاوہ سندھ کے کئی اضلاع میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، بدین، حیدرآباد اور شہید بینظیر آباد میں کہیں تیز، کہیں ہلکی جبکہ بعض مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے۔
محکمے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ نشیبی علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔