طوفانی بارشوں کی پیشگوئی، اسکول ایک ہفتے کیلیے بند کردیے گئے

تعلیمی اداروں میں 7 روزہ تعطیل کا اعلان

پشاور: طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر تمام اسکولوں کو ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے منگل کے روز صوبے کے سرد پہاڑی علاقوں میں تمام اسکول ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کا اعلان کردیا ، یہ فیصلہ حالیہ کلاوڈ برسٹ، طوفانی بارشوں اور فلیش فلڈز  کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان تراکئی نے یہ اعلان کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "سرد پہاڑی علاقوں کے تعلیمی ادارے 19 تا 25 اگست بند رہیں گے تاہم تعلیمی سرگرمیاں گھروں یا آن لائن جاری رہیں گی۔”

حکام نے بتایا کہ ان بلند پہاڑی علاقوں میں موسم گرما کی تعطیلات عموماً ایک ماہ، یعنی یکم جولائی سے 31 جولائی تک ہوتی ہیں، تاہم رواں برس غیر معمولی بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث مزید تعطیلات دینا ناگزیر ہو گیا۔

ادھر سوات سمیت ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اسکول بھی 19 اگست سے 25 اگست تک بند رہیں گے۔

خیال رہے خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی ہے۔ ضلع صوابی کے ڈلورئی گاؤں میں پیر کے روز کلاوڈ برسٹ کے نتیجے میں متعدد مکان ملبے تلے دب گئے۔

ڈسٹرکٹ حکام کے مطابق اب تک 13 لاشیں ملبے تلے سے نکالی جا چکی ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر صوابی کے مطابق ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 18 ہو گئی ہے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

ڈی سی صوابی کے مطابق ریسکیو آپریشن تیزی سے جاری ہے جس میں سات ایکسکیویٹرز، چھ ایمبولینسز، دو ریسکیو گاڑیاں اور ریسکیو 1122 کا عملہ حصہ لے رہا ہے تاکہ ملبے تلے دبے افراد کو نکالا جا سکے۔