وزیراعلیٰ کی بلدیاتی اداروں، انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت

مراد علی شاہ ملیر جیل

کراچی (18 اگست) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ موسمیات کی جانب سے بارشوں کی پیش گوئی کے بعد ہنگامی اجلاس کی صدارت کی تاکہ کراچی سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں متوقع مون سون بارشوں سے نمٹنے کے لیے انتظامات کا جائزہ لیا جا سکے۔

وزیراعلیٰ نے تمام بلدیاتی اداروں، انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دی اور متعلقہ محکموں اور اداروں کے درمیان قریبی رابطہ و ہم آہنگی کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔

یہ اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی، سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد، میونسپل کمشنر کے ایم سی افضل زیدی اور دیگر افسران شریک ہوئے۔

وزیراعلیٰ نے اجلاس میں شہر کے انفراسٹرکچر کو ممکنہ بارشوں سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رکھنے پر زور دیا۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی کے 44 نالوں کے اہم رکاوٹ والے مقامات پر نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے کام جاری ہے جبکہ جو مختلف ٹاؤنز کے زیر انتظام  تقریباً 150 نالوں کی صفائی کی جا رہی ہے تاکہ برساتی پانی کی روانی میں رکاوٹ نہ آئے۔

وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر بلدیات اور میئر کراچی کو ہدایت دی کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ اس موقع پر میئر کراچی نے بتایا کہ نکاسی آب کے کاموں کے ساتھ ساتھ بارش کے جمع شدہ پانی کی فوری نکاسی کےلیے واٹر بورڈ کی پانی کھینچنے والی  120 گاڑیاں بھی نشیبی علاقوں میں تعینات کردی  گئی ہیں۔

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) ضرورت پڑنے پر اضافی مشینری منگوانے کےلیے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمتِ عملی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ بارشوں کے دوران مکمل طور پر متحرک اور چوکس رہیں۔ انہوں نے شہری انتظامیہ پر زور دیا کہ بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور ٹریفک پولیس کو ہدایت دی کہ شدید بارش کی صورت میں بھی ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت بارشوں سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے لیکن تمام اداروں کی مسلسل چوکس نگرانی اور فوری ردعمل نہایت ضروری ہے۔ ہماری اولین ترجیح شہریوں کا تحفظ اور مون سون سے ہونے والے ممکنہ نقصان کو کم سے کم کرنا ہے۔

حکومتِ سندھ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسم سے متعلق اپ ڈیٹس سے باخبر رہیں اور اپنی حفاظت کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ اس سلسلے میں ہنگامی رابطہ مراکز قائم کر دیے گئے ہیں اور شہریوں کو کسی بھی مسئلے یا خدشے کی فوری اطلاع دینے کی تاکید کی گئی ہے۔