عامر جمال نے معنی خیز پوسٹ شیئر کردی

پاکستان کے آل راؤنڈر عامر جمال نے سینٹرل کنٹریکٹ سے باہر ہونے پر معنی خیز پوسٹ شیئر کردی۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر قومی کرکٹر عامر جمال نے ایک تصویر شیئر کی جس میں لکھا ہے کہ ّانہیں آپ کو سمجھنے دیں، انہیں بات کرنے دیں، اللہ جانتا ہے اور جب وہ آپ کے لیے بولے گا تو آپ کی خاموشی آپ کی ڈھال بن جائے گی۔

حسیب اللہ، کامران غلام، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد عرفان خان، اور عثمان خان کو بھی سینٹرل کنٹریکٹ نہیں دیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا جس میں اے کیٹیگری کو ختم کردیا گیا اور کئی نامور کھلاڑی بھی بی کیٹگری میں شامل ہیں۔

پول کو گزشتہ سال 27 سے 30 تک بڑھا دیا گیا ہے، جس میں 12 نئے نام کنٹریکٹ حاصل کرنے والے ہیں، جن میں احمد دانیال، فہیم اشرف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد عباس، محمد حارث، محمد نواز، صاحبزادہ فرحان، سلمان مرزا، اور سفیان مقیم شامل ہیں۔

پانچ کھلاڑیوں نے گزشتہ سیزن میں مسلسل کارکردگی دکھانے پر ترقیاں حاصل کی ہیں۔ ابرار احمد، حارث رؤف، صائم ایوب، سلمان علی آغا اور شاداب خان سبھی کو کیٹیگری سی سے کیٹیگری بی میں رکھا گیا ہے،

مزید برآں، نو کھلاڑیوں نے اپنی جگہیں برقرار رکھی ہیں جن میں عبداللہ شفیق، نعمان علی، ساجد خان، اور سعود شکیل کیٹیگری سی میں شامل ہیں۔ کیٹیگری ڈی میں خرم شہزاد، محمد عباس آفریدی، اور محمد وسیم جونیئر۔ اور شاہین شاہ آفریدی کیٹیگری بی میں شامل ہیں۔

نیا اعلان کردہ سینٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی 2025 سے 30 جون 2026 تک چلیں گے۔