عمرہ پروازیں لے جانے والی پاکستانی ایئر لائنز پر جرمانہ عائد کیے جانے کا خدشہ

عمر پروازیں گاکا سعودی عرب

کراچی (20 اگست 2025): عمرہ پروازوں میں تاخیر پر پاکستانی ایئر لائنز کو مبینہ طور پر جرمانے عائد کیے جانے کا خدشہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی ایوی ایشن گاکا نے ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) پاکستان کو سخت مراسلہ ارسال کر دیا ہے جس میں پروازوں کی بروقت آمد و رفت کی تاکید کی گئی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق پروازوں کی بروقت آمد و رفت کی شرح 80 فی صد تک ہونی چاہیے، جب کہ پاکستانی ایئر لائنز کی بروقت آمد و رفت کی شرح صرف 37 سے 69 فی صد ہے۔

خط کے مطابق گاکا نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ اس صورت حال کو فوری طور پر درست کرایا جائے، بہ صورت دیگر جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔

سعودی دارالحکومت میں درجنوں کاروبار بند کیوں کردیے گئے؟

گاکا کے خط کے مطابق پروازوں کی بر وقت آمد و رفت کے حوالے سے پی آئی اے کی شرح 69 فی صد، ایئر سیال 46 فی صد، ایئر بلیو 65 فیصد، فلائی جناح 43 فی صد اور سیرین ایئر کی 37 فی صد ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی ایئر لائنز کی تاخیر کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ یہ خط سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے صدر نے ڈی جی سی اے اے کو تحریر کیا ہے۔