ایف بی آر نے سادہ اور آسان الیکٹرانک انکم ٹیکس ریٹرن فارم متعارف کروا دیا

الیکٹرانک انکم ٹیکس ریٹرن فارم جاری

اسلام آباد (20 اگست 2025): فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انفرادی ٹیکس دہندگان کیلیے سادہ اور آسان الیکٹرانک انکم ٹیکس ریٹرن فارم جاری کر کے ان کی بڑی مشکل حل کر دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف بی آر نے مالی سال 2025 کیلیے الیکٹرانک انکم ٹیکس ریٹرن فارم باضابطہ طور پر متعارف کروایا دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق آسان فارم کو 40 روزہ مشاورت کے بعد 2025 کے ایس آر او 1561 کے ذریعے حتمی شکل دی گئی۔

فارم فی الحال صرف انگریزی زبان میں دستیاب ہے جبکہ حکومت کی جانب سے کیے گئے وعدے کے باوجود اردو ورژن متعارف نہیں کروایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹیکس چوروں اور فراڈ کرنے والوں کیخلاف بڑے ایکشن کی تیاری

نیا انٹرایکٹو سسٹم آٹھ ڈیجیٹل ونڈوز کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے جس میں ہر ایک میں ایک ہی ان پٹ کالم ہے تاکہ فائلنگ کو مرحلہ وار اور صارف دوست بنایا جا سکے۔ آسان الیکٹرانک انکم ٹیکس ریٹرن فارم میں خودکار طریقہ شامل ہے جو خریداریوں، اثاثوں اور ذرائع پر ٹیکس کٹوتیوں کے ڈیٹا کو مربوط کرتا ہے۔

مثال کے طور پر کسی آجر کا نام درج کرنے سے کٹوتی کی تفصیلات خود بخود ظاہر ہو جاتی ہیں جبکہ فائلر کے قومی شناختی سے منسلک ودہولڈنگ ٹیکس بھی ظاہر ہو جائیں گے، اسی طرح بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات کو دکھا جا سکتا ہے۔

الیکٹرانک انکم ٹیکس ریٹرن فارم کون استعمال کر سکتا ہے؟

فارم کا استعمال تنخواہ دار افراد اور چھوٹے تاجر کر سکتے ہیں جبکہ حد سے تجاوز کرنے والوں کو معیاری فائلنگ سسٹم پر بھیج دیا جائے گا۔

2025 کے ایس آر او 1562 کے ساتھ ساتھ ایف بی آر نے تنخواہ دار افراد، کمپنیوں، افراد کی تنظیموں (AOPs) اور پیشہ ور افراد کیلیے آسان الیکٹرانک ریٹرن فارم بھی جاری کیے ہیں، اقدام کا مقصد شفافیت کو بڑھانا اور ٹیکس کی تعمیل کو ہموار کرنا ہے۔

ایف بی آر نے اثاثے رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کیلیے (Electronic Foreign Income and Assets Declaration) جمع جمع کروانا لازمی قرار دیا ہے جس میں غیر ملکی کرائے کی جائیدادوں، کاروباری آمدنی، بینک اکاؤنٹس اور سرمایہ کاری ظاہر کرنا ہوگی۔

انکم ٹیکس آرڈیننس کے تحت انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2025 ہے لہٰذا ٹیکس دہندگان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے گوشوارے وقت پر مکمل کرنے کیلیے آسان نظام کو استعمال کریں۔