پولیو وائرس کے کم پھیلاؤ کا موسم، اہم حکومتی فیصلہ سامنے آ گیا

پولیو وائرس پاکستان

اسلام آباد (20 اگست 2025): حکومت پاکستان نے لو ٹرانسمیشن سیزن (پولیو وائرس کے کم پھیلاؤ کے موسم) میں وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے آئندہ ماہ ذیلی قومی انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت صحت کے ذرائع نے کہا ہے کہ لو ٹرانسمیشن سیزن میں پولیو مہم کا مقصد اس وائرس کی منتقلی کو روکنا ہے، اس سے وائرس کنٹرول ہو سکے گا، ذیلی قومی انسداد پولیو مہم 1 سے 7 ستمبر تک جاری رہے گی، 5 روزہ مہم میں 2 کیچ اپ ڈیز ہوں گے، جن میں رہ جانے والے بچوں کی پولیو ویکسینیشن ہوگی۔

ذرائع کے مطابق پولیو مہم میں 2 کروڑ 87 لاکھ 16528 بچوں کی ویکسینیشن ہوگی، یہ مہم آزاد کشمیر، جی بی، چاروں صوبوں کے 99 اضلاع میں چلے گی، 80 اضلاع میں مکمل، 19 اضلاع میں جزوی طور پر منعقد ہوگی، جس میں 4373 یونین کونسلوں کو کور کیا جائے گا۔پولیو وائرس پاکستان

کے پی کے 27 اضلاع کی 1093 یونین کونسلز میں، 57 لاکھ 2202 بچوں کی پولیو ویکسینیشن ہوگی، سندھ کے 25 اضلاع کی 1041 یونین کونسلز میں 89 لاکھ 7077 بچوں، اسلام آباد کی 80 یوسیز میں 461125 بچوں کی، بلوچستان کے 26 اضلاع کی 601 یو سیز میں 21 لاکھ 82301 بچوں، آزاد کشمیر کے دو اضلاع کی 61 یونین کونسلز میں 168915 بچوں، گلگت بلتستان کے دو اضلاع کی 15 یونین کونسلز میں 1 لاکھ 8017 بچوں کی پولیو ویکسینیشن ہوگی۔

اسپتال سے فرار منکی پاکس مریض ٹریس ہو گیا، گھر پر آئسولیٹ

مہم کے دوران 2 لاکھ سے زائد فرنٹ لائن پولیو ورکرز ڈیوٹی دیں گے، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور صوبوں میں صوبائی ٹاسک فورس کی زیرنگرانی پولیو مہم کی تیاریاں جاری ہیں، حساس علاقوں میں مہم ایمرجنسی آپریشن سینٹرز چلائے گی، اور ہائی رسک، ترجیحی ایریاز میں ٹیکنیکل ماہرین تعینات ہوں گے، یہ ماہرین حساس ایریاز میں پولیو مہم تیاری اور انعقاد کے ذمہ دار ہوں گے۔