کراچی (20 اگست 2025): میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ شہر کے نالوں کی کیپسٹی 40 ملی میٹر بارش تک کی ہے، زیادہ بارش ہوئی تو یہ اوور فلو ہو جائیں گے۔
پریس کانفرنس کے دوران میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر میں کل تباہ کن بارش ہوئی، کل ساڑھے 12 بجے کے قریب صورتحال ٹھیک ہو چکی تھی، بارش کا دوسرا اسپل دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہوا جو شام 6 بجے تک چلتا رہا، نان اسٹاپ 5 گھنٹے بارش ہوئی 6 بجے کے بعد تیز بارش کا سلسلہ کم ہوا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میں تقریباً 8 بجے کے قریب بارش کا سلسلہ تھم چکا تھا، منگھوپیر میں 235 ملی میٹر، گلشن حدید 202، ایئرپورٹ پر 200 ملی میٹر بارش ہوئی، شہر بھر میں 12 گھنٹے میں 175 سے 235 ملی میٹر تک بارش ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بارش سے پیدا صورتحال سے نمٹنے کی تیاری کر رکھی تھی، شرجیل میمن
انہوں نے مزید کہا کہ سب سے بڑا اوور فلو شارع فیصل پر 3 مقامات پر ہوا، رات کو 11 بجے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ باہر نکلے گاڑی کے ذریعے اسی شاہراہ سے گزرے، نرسری کے مقام پر 2 نالے گزرتے ہیں، ٹیپو سلطان کا فلائی اوور اور نرسری کی ویڈیوز ٹیلی ویژن پر چلی۔
ان کا کہنا تھا کہ شارع فیصل پر پانی موجود تھا جو پی سی ایچ ایس کی فرنیچر مارکیٹ کی طرف سے آتا ہے، شارع فیصل، نرسری یا ٹیپو سلطان اور پورے ایریا کا پانی رات 11 بجے کلیئر کر چکے تھے، شاہراہ پاکستان یا شاہراہ شیر شاہ سوری ہو یا پنجاب کالونی کا انڈر پاس کلیئر ہوگیا تھا۔
پریس کانفرنس کے دوران میئر کراچی نے شہریوں کو گھروں سے غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے کی درخواست کی۔