اسلام آباد (20 اگست 2025): خیبر پختونخوا میں کلاؤڈ برسٹ سے ہولناک تباہی سے متاثرہ افراد کے لیے دوست ملک سعودی عرب نے امداد بھیجی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کے مشکل وقت میں ہمیشہ ساتھ دینے والے دوست ملک سعودی عرب نے صوبہ خیبر پختونخوا میں کلاؤڈ برسٹ اور تباہ کن سیلاب کے متاثرین کی مدد کے لیے امداد بھیجی ہے۔ اس امداد میں شیلٹر کٹس اور فوڈ پیکٹس شامل ہیں۔
اس حوالے سے ایک تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت، رائل فیملی اور کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے کے پی سیلاب متاثرین کے لیے امداد بھیجی گئی ہے جو 10 ہزار شیلٹر کٹس اور 10 ہزار فوڈ پیکٹس پر مشتمل ہے۔
مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شیلٹر کٹس میں متاثرہ خاندانوں کے لیے مکمل رہائشی سامان موجود ہے جب کہ فوڈ کٹس میں متاثرہ خاندانوں کے لیے خوراک کا وافر انتظام شامل ہے۔ یہ امداد این ڈی ایم اے شفاف اور ریگولر طریقہ کار کے تحت متاثرین تک پہنچائے گی۔
رانا ثنا اللہ نے وزیراعظم شہباز شریف اور حکومت پاکستان کی جانب سے سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل گھڑی میں ساتھ دینے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ سعودی قیادت نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔
اس سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ سعودی قیادت اور عوام پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یہ امداد سعودی فرماں روا اور سعودی وزیراعظم کی جانب سے بھیجی گئی ہے۔
واضح رہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں گزشتہ ہفتہ کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب سے تاریخ کی بدترین تباہی ہوئی۔ 350 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے جب کہ درجنوں اب بھی لاپتہ ہیں جن کے بارے میں شبہ ہے کہ ان کی لاشیں ملبے تلے دبی ہوئی ہیں۔ جب کہ اس سیلاب میں اربوں روپے کی عوامی املاک اور سرکاری انفرااسٹرکچر تنکوں کی طرح بہہ گیا۔