کراچی میں طوفانی بارش کے ساتھ لینڈ سلائیڈنگ (ویڈیو)

کراچی (20 اگست 2025): شہر قائد میں طوفانی بارش کے دوران جہاں سڑکیں جوہڑ بن گئیں وہیں لینڈ سلائیڈنگ نے اہل علاقہ کو خوفزدہ کر دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں گزشتہ روز شروع ہونے والی موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے آج بھی جاری رہا۔ خصوصا رات کے وقت ہونے والی طوفانی بارش نے شہریوں کی زندگی مفلوج کر دی ہے۔

کراچی میں پہلے بارش سے سڑکیں جوہڑ اور ٹوٹ پھوٹ کر خندق بن جایا کرتیں تھیں۔ تاہم اس برس شہر قائد میں طوفانی بارش نے لینڈ سلائیڈنگ جیسی صورتحال پیدا کر دی۔

قصبہ اور نارتھ ناظم آباد کو ملانے کے لیے پہاڑی کو کاٹ کا راستہ بنائے جانے والے مقام جو کٹی پہاڑی کے نام سے مشہور ہے۔ طوفانی بارش کے دوران پہاڑی کی بلندی سے پتھر سڑک پر گرنے لگے۔

اہل علاقہ کے مطابق آج شام سے کئی بار پتھر کٹی پہاڑی سے سڑک پر گے، جس کے بعد اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے سڑک کو بند کرا دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پتھر گرنے کے واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
دوسری جانب بدھ کی شب کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

 

  دوسری جانب کورنگی، ملیر، شاہ فیصل کالونی، گلشن حدید، رزاق آباد، شاہ لطیف ٹاؤن، بھینس کالونی، کاٹھور، گڈاپ، ایم 9 موٹر وے، نوری آباد، احسن آباد، اسکیم 33، گلستان جوہر، گلشن اقبال میں بارش ہو رہی ہے۔

اس کے علاوہ سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، نیو کراچی، ناگن چورنگی، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، بفرزون، گلبرگ، سائٹ ایریا، منگھو پیر روڈ، میٹروول، گارڈن، پاک کالونی، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، اولڈ سٹی ایریا، نمائش، ڈیفنس، کلفٹن، ٹاور، کیماڑی میں بھی موسلا دھار بارش جاری ہے۔

بارش کے باعث کئی نشیبی علاقے زیر آب اور گھروں میں پانی داخل ہو گیا ہے۔ جب کہ مختلف علاقوں میں پانی میں پھنس کر سینکڑوں شہریوں کی گاڑیاں خراب ہو گئی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے دو روز تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایات کی ہیں۔