کراچی: شدید بارش کے بعد کیش وین بھی پانی میں پھنس گئی، وائرل ویڈیو

کراچی (20 اگست 2025): شہر قائد میں طوفانی بارش کے بعد جمع پانی میں جہاں عام عوام اسکول کے طلبہ پھنسے وہیں بینک کی کیش وین بھی پھنس گئی۔

کراچی میں گزشتہ روز سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور اب تک 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ ہو چکی ہے۔

بارش کے بعد حسب معمول کراچی کی سڑکیں جوہڑ بن گئیں اور کئی کئی فٹ پانی جمع ہونے کے باعث شہری اس میں پھنس گئے۔ لوگوں کو دفاتر اور دفاتر سے گھر آنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اسکولوں کے بچے کئی گھنٹے تاخیر شام میں اپنے گھروں کو پہنچے۔

متعلقہ اداروں کی نا اہلی کے باعث سڑکوں پر جمع پانی میں جہاں عوام کی سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔ وہیں ایک بینک کی کیش گاڑی بھی ڈوب گئی جس کی ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شاہراہ فیصل پر کئی کئی فٹ کھڑے پانی میں دیگر گاڑیوں کے ساتھ ایک بینک کی کیش وین بھی پھسی ہوئی ہے۔

ویڈیو میں مذکورہ وین آدھی سے زیادہ برساتی پانی میں ڈوبی دکھائی دے رہی ہے جب کہ سیکیورٹی گارڈ اس میں سے کیش کے تھیلے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

لاکھوں روپے مالیت نقدی کے تھیلے سیکیورٹی گارڈز اپنے کاندھوں پر اٹھائے اسے محفوظ مقام پر منتقل کر رہے ہیں جب کہ انکے عقب میں ایک سیکیورٹی گارڈ بھی موجود ہے، جو بندوق اٹھائے ان کی حفاظت کر رہا ہے۔

ویڈیو میں وہاں پھنسے دیگر افراد اور فلائی اوور پر کھڑے افراد کو اس منظر سے محظوظ ہوتے دیکھا جا رہا ہے۔

https://urdu.arynews.tv/karachi-floods-former-captain-sarfaraz-ahmed-also-affected/