بارش کا پانی 2سے3 گھنٹوں میں کیسےاترا؟ شرمیلا فاروقی نے بتادیا

کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی بارش نے بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کو بے نقاب کردیا لیکن رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے سیاسی مخالفین کو ہی ذمہ دار قرار دے دیا۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر آج نالے صاف نہ ہوتے تو پانی دو تین گھنٹے میں نہیں اُترتا، نالوں کی صفائی کا کریڈٹ سندھ حکومت کو جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گجر نالے سے تجاوزات ہٹائے گئے، آپ کو یاد ہوگا کہ گجرنالے پر آپریشن پر سب سے زیادہ شور کس سیاسی پارٹی نے مچایا تھا؟

انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب گٹر اور نالوں کو بوریاں ڈال کر بلاک کیا جاتا تھا، گٹر بلاک کرنے کا مقصد سندھ حکومت کو بدنام کرنا تھا۔

شرمیلا فاروقی نے مخالفین کا نام لیے بغیر کہا کہ یہ لوگ سندھ حکومت پر تنقید نہیں کریں گے تو ان کو ووٹ کیسے ملیں گے؟

شرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ ماضی میں کراچی کا دورہ کرکے 1100 ارب روپے کا جو اعلان کیا گیا تھا وہ آج تک نہیں ملے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی کارکردگی کی بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے اربن فلڈنگ ہوا کرتی تھی تو کوئی نہیں ہوتا تھا، آج کم سے کم ہم ساتھ تو کھڑے ہیں۔

پی پی رہنما نے کہا کہ پیپلزپارٹی کراچی کے مسائل پر بات کرتی ہے، موٹر وے ایم 6 پر پیپلز پارٹی ہی لڑی ہے، ایم کیو ایم نے کبھی آواز نہیں اُٹھائی، پیپلزپارٹی جب اپنی پر آتی ہے تو بات منوا کر ہی اُٹھتی ہے۔