ریاض : سعودی عرب نے عمرے کے خواہشمند افراد کی بڑی مشکل آسان کردی ، جس کے بعد اب عمرہ کیلئے ویزاحاصل کرنا پہلے سے زیادہ آسان ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے بیرون ملک مقیم مسلمانوں کے لیے عمرہ ویزا اور سروسز کی بکنگ کو مزید آسان بنانے کے لیے ’’نسک عمرہ‘‘ کے نام سے نیا ڈیجیٹل پلیٹ فارم لانچ کر دیا ہے۔
وزارت حج و عمرہ نے بتایا کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے زائرین بغیر کسی ایجنٹ یا ثالث کے براہِ راست ویزا کے لیے درخواست دے سکیں گے اور رہائش، ٹرانسپورٹ اور ٹورز جیسی سہولیات بھی آن لائن بک کر سکیں گے۔
زائرین چاہیں تو مربوط پیکجز کا انتخاب کر سکتے ہیں یا پھر علیحدہ علیحدہ خدمات بک کرنے کا اختیار بھی موجود ہے۔ اس کے لیے ویب سائٹ https://umrah.nusuk.sa/
کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں : عمرہ زائرین کے لیے اہم ہدایت جاری
’’نسک عمرہ‘‘ پلیٹ فارم کا مقصد موجودہ چینلز مثلاً منظور شدہ ٹریول ایجنٹس کے ساتھ ساتھ ایک نیا اور آسان آپشن فراہم کرنا ہے۔
یہ اقدام سعودی عرب کے ویژن 2030 کا حصہ ہے جس کے تحت زیادہ سے زیادہ مسلمانوں کو خوش آمدید کہنا اور حج و عمرہ کی خدمات کے معیار کو بہتر بنا کر زائرین کے مجموعی تجربے کو بہتر بنانا شامل ہے۔