وزیراعظم شہباز شریف کو برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے پاکستان میں بارش، سیلاب کی تباہ کاریوں کے حوالے سے خط لکھا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیراعظم نے اپنے خط میں بارشوں اور سیلاب میں جانی و مالی نقصان پرتعزیت کا اظہار کیا ہے، کیئر اسٹارمر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی عوام سے جانی نقصان پر دلی تعزیت کرتا ہوں۔
برطانوی وزیراعظم نے خط میں کہا کہ برطانوی حکومت، عوام کی طرف سے گہرے دکھ کا اظہار کرتا ہوں، میری دلی ہمدردیاں تمام متاثرین کے ساتھ ہیں۔
انھوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے یہ صورتحال قابل تشویش ہے، برطانوی عوام پاکستانی عوام کےساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔
کیئراسٹارمر کا اپنے خط میں مزید کہنا تھا کہ ایمرجنسی رسپانس اور رضاکار انتہائی مشکل حالات میں لوگوں کی مدد کررہے ہیں، ایمرجنسی رسپانس اور رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انھوں نے مزید کہا کہ برطانوی حکومت نے پاکستان کی مدد کی ہے اور آئندہ بھی پرممکن مدد کرے گی، برطانوی حکومت بحالی اورتعمیرنو کے کاموں میں مدد کیلئے تیار ہے۔