دبئی میں ہونے والے ایشیا کپ میں بھارت کو پاکستان سے کھیلنے کی اجازت مل گئی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی مرکزی حکومت نے سمتبر میں شیڈول ایشیاکپ میں پاکستان سے مقابلے کے لیے ٹیم کو کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاکرا 14 ستمبر کو دبئی میں ہو گا۔
مرکزی وزارت کھیل نے جمعرات کو تصدیق کی کہ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ کرکٹ معطل رہنے کے باوجود ہندوستان کو ایشیا کپ سمیت کثیرالجہتی مقابلوں میں کھیلنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
یہ وضاحت آٹھ ٹیموں کے براعظمی ٹورنامنٹ کے لیے ہندوستان کے 15 رکنی اسکواڈ کے اعلان کے ساتھ سامنے آئی جس میں سوریہ کمار یادیو ٹیم کی قیادت کریں گے۔
ایشیا کپ کےلیے بھارتی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، اسکواڈ میں سوریا کمار یادیو (کپتان)، شبمن گل (نائب کپتان)، ابھیشیک شرما، تلک ورما، ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے، اکشر پٹیل، جیتیش شرما، جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ، ورون چکرورتی، کلدیپ یادیو، سنجوسامسن، ہرشیت رانا، رنکو سنگھ شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ یو اے ای ٹی ٹوئنٹی سہ فریقی سیریز اور ایشیا کپ 2025 کے لیے 17 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔
سلمان علی آغا کو 17 رکنی اسکواڈ کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے، اس کے علاوہ اسکواڈ میں فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، صائم ایوب، خُوشدل شاہ، حسین طلعت شامل ہیں۔
اسکواڈ میں محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، محمد حارث ، ابرار احمد، فہیم اشرف، حسن علی، حسن نواز،صاحبزادہ فرحان، سلمان مرزا اور سفیان مقیم بھی شامل ہیں۔
سہ فریقی سیریز میں پاکستان، افغانستان اور میزبان متحدہ عرب امارات شامل ہیں یہ سیریز 29 اگست سے 7 ستمبر تک شارجہ میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد ایشیا کپ 2025 ابوظہبی اور دبئی میں 9 سے 28 ستمبر تک ہونا ہے۔
بابر اور رضوان سے متعلق عاقب جاوید نے کہا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان اس سے پہلے تین سیریز میں نہیں تھے، بابر اور رضوان دیگر کی طرح کھیلیں گے تو ضرور ٹی ٹوئنٹی کھیلیں گے، ان کے ساتھ کسی کو پرابلم نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے پاس آپشنز اچھے ہیں۔ صائم ، فخر اور صاحبزادہ فرحان ہی ٹاپ آرڈر میں تھے۔ کسی کھلاڑی کو دو تین میچز کی بنیاد پر زیر غور نہ لانے والی بات درست نہیں، ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ اب ہم بابر اور رضوان کو زیر غور کبھی نہیں لائیں گے۔