لاہور میں فیروز پور روڈ پر رکشہ ڈرائیور ٹریفک پولیس کے چالان کرنے پر کھمبے پر چڑھ گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں فیروز پور روڈ پر رکشہ ڈرائیور کے کھمبے پر چڑھنے کے بعد ریسکیو اہلکار پہنچ گئے۔
ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے رکشہ ڈرائیور کو اتارنے کی کوششیں جاری ہیں۔
ریسکیو اہلکار نے اوپر چڑھنے کی کوشش کی تو رکشہ ڈرائیور کہنے لگا کہ میں چھلانگ لگا دوں گا۔
عینی شاہدین کے مطابق ٹریفک پولیس اہلکار کی جانب سے دو ہزار روپے کا چالان کرنے پر وہ کھمبے پر چڑھا ہے۔
یہ پڑھیں: کراچی میں رکشہ ڈرائیور نے چالان سے تنگ آکر نس کاٹ لی
عینی شاہد کے مطابق رکشہ ڈرائیور نے ٹریفک اہلکار کو کہا کہ کھانا کھانے کے پیسے نہیں ہیں گھر کرائے کا ہے مہربانی ہوگی معاف کردیں۔
شہری نے بتایا کہ پولیس اہلکار نے اسے معاف نہیں کیا اور چالان کردیا، میں اسے منع کرتا رہ گیا کہ کھمبے پر نہیں چڑھو لیکن اس نے بات نہ مانی اور کھمبے پر چڑھ گیا۔
رکشہ ڈرائیور کا بیٹا بھی موقع پر موجود ہے لیکن ابھی کسی اہلخانہ سے اس کا رابطہ نہیں ہوا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی میں بھی رکشہ ڈرائیور نے ٹریفک پولیس کے چالان سے تنگ آکر اپنی نس کاٹ لی تھی۔