بانی پی ٹی آئی کے بھانجے شاہ ریز کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

شاہ ریز خان

لاہور : انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کے بھانجے کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کےبھانجے شاہ ریزخان کےجسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت ہوئی،

عدالت کے جج منظر علی گل نے سماعت کی ، پولیس کی جانب سے ملزم کے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

سماعت کے دوران ملزم کی جانب سے ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجہ پیش ہوئے جنہوں نے مؤقف اپنایا کہ شاہ ریز خان کو دو سال کی تاخیر سے مقدمے میں نامزد کیا گیا، جبکہ ان کی والدہ علیمہ خانم کو پہلے ہی اس مقدمے سے ڈسچارج کیا جا چکا ہے۔

وکیل نے استدعا کی کہ شاہ ریز کو بھی مقدمے سے خارج کیا جائے کیونکہ ان کا پی ٹی آئی کے سیاسی معاملات سے کوئی تعلق نہیں۔

وکیلِ صفائی کا کہنا تھا کہ شاہ ریز خان ملک کے نامور ایتھلیٹ ہیں اور ان پر مقدمہ سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ہے۔

دوران سماعت پولیس نے مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مہلت طلب کی جبکہ ڈی ایس پی آصف جاوید نے عدالت کو بتایا کہ ملزم جناح ہاؤس حملے میں ملوث ہے۔

عدالت نے وکلاء اور پولیس کے مؤقف سننے کے بعد شاہ ریز خان کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔