کراچی: شہر قائد میں بارش برسانے والا سسٹم کمزور پڑگیا تاہم 27 اگست سے نئے سسٹم کی آمد کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شہر قائد میں موجود بارش برسانے والا سسٹم کمزور پڑ گیا ہے تاہم دن کے وقت ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ مون سون سسٹم اب بھی سندھ پر اثر انداز ہے اور 27 اگست سے نئے سسٹم کی آمد کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
گزشتہ روز کراچی میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، جس کے باعث کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور شہری مشکلات سے دوچار رہے۔
شارع فیصل پر پولیس کشتی اور لائف جیکٹس کے ساتھ موجود رہی جبکہ ملیر، گلشن حدید، اسٹیل ٹاؤن، بھینس کالونی، شاہ لطیف ٹاؤن، قائد آباد، سعود آباد اور گلشن معمار سمیت مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے اعداد و شمار کے مطابق گلشن حدید میں سب سے زیادہ 34 ملی میٹر ، فیصل بیس 25، مسرور بیس 17، کیماڑی 18، یونیورسٹی روڈ اور سعدی ٹاؤن میں 16 ملی میٹر ، کورنگی میں 15، ڈی ایچ اے اور سرجانی میں 12، ناظم آباد اور اورنگی ٹاؤن میں 10 جبکہ گلشن معمار میں 8 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ سب سے کم بارش نارتھ کراچی میں 7 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
کراچی کی خبریں
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے بیشتر اضلاع میں آج بھی شدید بارش کا امکان ہے۔ ٹھٹھہ، بدین، سانگھڑ، سجاول، تھرپارکر، عمر کوٹ، میرپورخاص اور شہید بینظیر آباد میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔
ملک کے دیگر حصوں میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، سرگودھا، میانوالی، ڈی جی خان اور ملتان میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈی آئی خان سمیت قبائلی اضلاع میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔
گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ بلوچستان کے کوئٹہ، ژوب، بارکھان، خضدار، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، پنجگور اور کیچ میں بھی 23 سے 25 اگست کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔