علیمہ خانم کے بیٹے کو کیوں گرفتار کیا گیا؟ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے وجہ بتادی

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے علیمہ خانم کے بیٹے کی گرفتاری کی تصدیق کردی

لاہور : ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشپرہ علیمہ خانم کے بیٹے شاہریز عظیم کو گرفتار کرنے کی وجہ بتادی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خانم کے بیٹے شاہریز عظیم کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہریز کو 9 مئی کے مقدمات میں گرفتار کیا گیا۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کا کہنا تھا کہ ملزم 9 مئی کے مقدمات میں لاہور پولیس کومطلوب تھا، ملزم کوآج کورٹ میں پیش کیاجائے گا، ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افرادکسی رعایت کے مستحق نہیں۔

خیال رہے کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد پولیس نے مختلف مقدمات میں متعدد افراد کو نامزد کیا تھا جن میں شاہریز عظیم بھی شامل تھے۔

مزید پڑھیں : پولیس چیف نے علیمہ خانم کے بیٹے کی گرفتاری کی تردید کردی ہے، رانا ثنا اللہ

گذشتہ روز بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے الزام عائد کیا تھا کہ بیٹے کو گھر میں گھس کر نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا ہے جبکہ پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم نے دعویٰ کیا تھا کہ علیمہ خان کے بیٹے کے اغوا کے پیچھے پنجاب حکومت کا ہاتھ ہے۔

دوسری جانب ن لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ علیمہ خان کا الزام ثابت ہونے تک محض الزام ہے، پولیس چیف نے ان کے بیٹے کی گرفتاری کی تردید کردی ہے۔