اسلام آباد میں غیرت کے نام پر جواں سالہ لڑکی قتل

اسلام آباد میں غیرت کے نام پر جواں سالہ لڑکی قتل

اسلام آباد: وفاقی دارلحکومت میں ایک اور جواں سالہ لڑکی غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا، مقتولہ نے اپنی مرضی سے شادی کی تھی، جس پر اس کے بھائی کو سخت رنج تھا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں تھانہ شمس کالونی کی حدود میں غیرت کے نام پر ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں حقیقی بھائی نے بہن کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

پولیس نے بتایا کہ مقتولہ نے اپنی مرضی سے شادی کی تھی، جس پر اس کے بھائی کو سخت رنج تھا، ملزم نے بہن کے سر پر گولی ماری جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔

پولیس کا کہنا تھا ملزم کی شناخت عادل حسین کے نام سے ہوئی ہے، جو سی ڈی اے کا سابق ملازم ہے۔

مزید پڑھیں : بھائی نے غیرت کے نام پر بہن کو قتل کردیا

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد مقدمہ درج کرلیا گیا اور ملزم کو گرفتار کر کے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

یاد رہے چند ہفتے قبل پنجاب کے شہر تھانہ تاندلیانوالہ میں غیرت کے نام پر ایک اور قتل کا واقعہ پیش آیا تھا ، جہاں بھائی نے بہن کو فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا

پولیس کا کہنا تھا کہ مقتولہ علینہ طلاق کے بعد بھائی کے گھر میں رہائش پذیر تھی، پولیس نےکارروائی کر کے ملزم مہتاب کو گرفتار کرلیا تھا۔