مقبولیت تو فرعون اور شیطان کی بھی بہت ہے لیکن وہ فرشتے نہیں بن سکتے، عظمیٰ بخاری

9 مئی کرنے اور کروانے والے کسی معافی کے مستحق نہیں، عظمیٰ بخاری

لاہور (22 اگست 2025): عظمیٰ بخاری نے بانی پی ٹی آئی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبولیت تو فرعون اور شیطان کی بھی بہت ہے لیکن وہ فرشتے نہیں بن سکتے۔

وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 9 مئی کرنے اور کروانے والے کسی معافی کے مستحق نہیں، 9 مئی ایک ناکام بغاوت تھی جس کے تمام شواہد منظر عام پر آ چکے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ناکام بغاوت اور سازش کے مرتکب کردار سیاسی لبادے میں نہیں چھپ سکتے، سیاست کی آڑ میں ریاست پر چڑھائی اور شہدا کے مجسمے جلا کر کون سی قوم کی خدمت کی گئی؟

انہوں نے کہا کہ ناکام بغاوت کے کردار انتقامی سیاست کا نام دے کر مظلوم نہیں بن سکتے، قوم 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ اور سہولت کاروں کا مکمل احتساب چاہتی ہے، ماسٹر مائنڈ کے تمام کارڈ اور تحریکیں ناکام ہوگئی ہیں، 9 ان کا اپنے گناہوں کا حساب دینے کا وقت ہے۔

اس سے قبل عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ عمران خان اور ان کا فسادی گروہ انقلاب نہیں لا سکے تو قاسم اور سلیمان کیا تیر مار لیں گے، علیمہ خانم کو اپنے بھائی کی طرح تسلسل سے جھوٹ بولنے کی عادت پڑ گئی ہے، وہ کبھی کہتی ہیں کہ قاسم اور سلیمان پاکستان آ رہے ہیں تو کبھی کہتی ہیں نہیں آ رہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ علیمہ خانم کبھی کہتی ہیں کہ ان کو عمران خان نے اجازت نہیں دی تو کبھی کہتی ہیں کہ ویزا نہیں مل رہا، وہ جن کے بچے ہیں پہلے ان سے تو پوچھ لیں وہ آنے کی اجازت دے رہے یا نہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ علیمہ خانم کبھی کہتی ہیں کہ ان کے پاس نائکوپ ہے وہ پاکستانی ہیں اور کبھی ویزے مانگنے کی بات کرتی ہیں، قاسم اور سلیمان امریکا سیر سپاٹے کرنے گئے تھے اور گھوم پھر کے واپس لندن پہنچ گئے۔