اسلام آباد : برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے آڈٹ کامیابی کی صورت میں پی آئی اے کو یورپ و برطانیہ کیلئے کارگو کی اجازت ملنے کے امکانات روشن ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ (DFT) کی جانب سے مقرر کردہ بین الاقوامی توسیع کنندہ ویلیڈیٹر نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) سمیت تمام کارگو سیکیورٹی سسٹمز کی جامع جانچ پڑتال مکمل کرلی۔
عالمی ویلیڈیٹر اسٹیون اوگاڈا نے پی آئی اے کارگو کے سیکیورٹی اور سیفٹی سسٹمز کا تفصیلی معائنہ کیا، آڈٹ ٹیم نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور اور کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کارگو سیکشنز کا مکمل جائزہ لیا۔ اس دوران سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAA) کے حکام بھی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔
آڈٹ کی تکمیل کے بعد اسٹیون اوگاڈا پاکستان سے روانہ ہوگئے جبکہ ان کی تیار کردہ ویلیڈیشن رپورٹ برطانیہ اور یورپی یونین کے متعلقہ حکام کو جمع کرائی جائے گی۔
یہ رپورٹ پی آئی اے کارگو آپریشنز کو ان اہم مقامات کے لیے کلیئرنس دلوانے میں بنیادی کردار ادا کرے گی۔
ذرائع کے مطابق امید ہے کہ کارگو سیکیورٹی آڈٹ میں کامیابی کے بعد پی آئی اے کی پروازوں کے ذریعے برطانیہ اور یورپ کے لیے کارگو آپریشنز بحال کیے جا سکیں گے۔
مزید یہ بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مستقبل قریب میں پی آئی اے کی مسافر پروازوں سے متعلق اجازت نامہ بھی جاری کردیا جائے گا۔