سنیتا آہوجا کا گووندا سے طلاق کیلیے عدالت سے رجوع

سنیتا آہوجا کا گووندا سے طلاق کیلیے عدالت سے رجوع

ممبئی (22 اگست 2025): معروف بالی وڈ اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے شوہر سے طلاق لینے کا فیصلہ کر لیا۔

انڈین میڈیا کے مطابق سنیتا آہوجا نے باندرہ فیملی کورٹ میں طلاق کیلیے درخواست دائر کر دی جس میں غیر ازدواجی تعلق، حق تلفی اور بے وفائی کو بنیادی وجہ قرار دیا گیا۔

سنیتا آہوجا نے ہندو میرج ایکٹ 1955 کی مختلف دفعات کے تحت طلاق کی درخواست دائر کی۔

واضح رہے کہ عدالت نے گووندا کو 25 مئی کو طلب کیا تھا اور جون سے دونوں کے درمیان معاملات طے کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اداکار کی اہلیہ وقت کی پابند اور عدالت میں پیش ہوتی رہیں لیکن وہ مسلسل غیر حاضر رہے۔

یہ بھی پڑھیں: گووندا کے انٹرویو نے بالی وڈ میں ہلچل مچا دی

حالیہ وی لاگ میں سنیتا آہوجا کو شادی اور طلاق پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ وی لاگ میں وہ ایک مندر میں گئین اور بتایا کہ وہ بچپن سے یہاں آ رہی ہیں۔

اداکار کی اہلیہ مزید کہتی ہیں کہ جب میں گووندا سے ملی تو میں نے دیوی سے دعا کی کہ میری ان سے شادی ہو جائے اور اچھی زندگی گزاروں، دیوی نے میری دعا قبول کی اس نے مجھے دو بچوں کا تحفہ بھی دیا لیکن زندگی میں ہر سچائی آسان نہیں ہوتی ہمیشہ اتار چڑھاؤ آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک اچھے آدمی اور اچھی عورت کو تکلیف پہنچانا درست نہیں، میں دیوی کے تینوں روپوں سے دل کی گہرائیوں سے پیار کرتی ہوں، حالات جیسے بھی ہوں جو بھی میرے خاندان کو توڑنے کی کوشش کرے گا دیوی انہیں معاف نہیں کرے گی۔

واضح رہے کہ رواں سال فروری میں متعدد میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ گووندا اور سنیتا آہوجا نے مستقل اختلاف اور مختلف طرز زندگی کی وجہ سے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔

میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ گووندا کی 30 سالہ مراٹھی اداکارہ سے بڑھتی قربت مبینہ طور پر ان کی علیحدگی کا ایک بڑا عنصر ہے۔

بعد میں ان کے وکیل نے یہ بھی کہا کہ اگرچہ جوڑے نے چھ ماہ قبل طلاق کیلیے درخواست دائر کی تھی لیکن وہ دوبارہ اکٹھے ہو رہے تھے۔