لاہور/پشاور: ملک بھر میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے پیش گوئی کے پیش نظر پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں مون سون بارشوں کا آٹھواں اسپیل متوقع ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور، راولپنڈی، ملتان سمیت 8 اضلاع میں پیشگی اقدامات کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا جبکہ پی ڈی ایم اے کو ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
وزیراعلیٰ نے متاثرہ علاقوں میں آبادی کے انخلا کے لیے مساجد اور لاؤڈ اسپیکر پر اعلانات کرنے، عوام کو ایس ایم ایس الرٹس کے ذریعے بھی بروقت آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔
اس کے ساتھ ساتھ متاثرہ علاقوں میں کلینک آن ویل، فیلڈ اسپتال اور مویشیوں کی ویکسی نیشن و علاج کی سہولت فراہم کرنے کے بھی احکامات دیے گئے جبکہ دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے اطراف خصوصی انتظامات اور مال مویشیوں کی بروقت منتقلی کے لیے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں بھی 23 سے 26 اگست تک مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے بعد پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا۔
محکمے کے مطابق بونیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، سوات، چترال، دیر، ملاکنڈ اور کوہستان سمیت دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں اور سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
پشاور، مردان، نوشہرہ، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کے خطرے کی وارننگ دی گئی ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور اربن فلڈنگ کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ، اداروں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے۔ کاشتکاروں اور مال مویشی پالنے والے حضرات کو اپنی فصلیں اور جانور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے جبکہ سیاحوں کو خطرناک مقامات سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ ترجمان کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل فعال ہے اور شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔