واسلام آباد : نادرا سینٹر میں بچوں کی رجسٹریشن اور ب فارم (Child Registration Certificate – CRC) کے لیے درخواست دینے کا طریقہ سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق نادرا (NADRA) نے بچوں کی رجسٹریشن اور ب فارم (Child Registration Certificate – CRC) حاصل کرنے کا نیا اور واضح طریقہ کار جاری کردیا ہے۔ ب فارم ہر بچے کا بنیادی حق ہے جو پیدائش کے اندراج کے ذریعے نادرا ریکارڈ میں شامل کیا جاتا ہے۔
ب فارم کے لئے درکار دستاویزات
نادرا حکام کے مطابق ب فارم کے حصول کے لیے والدین کے شناختی کارڈ لازمی ہیں، جبکہ اگر بچہ لے پالک ہو تو سرپرستی کا قانونی ثبوت بھی درکار ہوگا۔ اس کے علاوہ یونین کونسل یا کنٹونمنٹ بورڈ سے جاری شدہ بچے کا کمپیوٹرائزڈ سرٹیفکیٹ، نیچرلائزیشن یا سٹیزن شپ سرٹیفکیٹ بھی پیش کرنا ہوگا۔
بچوں کی عمر کے حساب سے ضابطے
3 سال سے کم عمر بچوں کو نادرا دفتر لانا ضروری نہیں ہے۔
3 سال سے 18 سال تک کے بچوں کو نادرا دفتر آنا لازمی ہوگا۔
10 سال تک کے بچے صرف تصویر فراہم کریں گے۔
How to Apply for Child Registration Certificate (CRC/Form B) at NADRA Centre
Watch the video for the complete step-by-step processhttps://t.co/p5uGy3ACVA
— NADRA (@NadraPak) August 21, 2025
10 سے 18 سال تک کے بچوں کے لیے تصویر کے ساتھ فنگر پرنٹس اور آنکھوں کا عکس بھی لازمی ہوگا۔
رجسٹریشن کے مراحل
نادرا نے ب فارم کے لیے رجسٹریشن کے مراحل درج ذیل بتائے ہیں:
ٹوکن حاصل کریں: ریسپشن سے ٹوکن لے کر اپنی باری کا انتظار کریں۔
بائیو میٹرک تصدیق: والدین میں سے کسی ایک کی بائیومیٹرک تصدیق کرائی جائے۔
ڈیٹا انٹری: بچے کے کوائف درج کرائے جائیں، تصویر اور فنگر پرنٹس لیے جائیں، پھر فارم پرنٹ کر کے درستگی چیک کریں۔
فارم کی تصدیق: شریک حیات کی بائیومیٹرک تصدیق یا گزیٹڈ آفیسر/عوامی نمائندے سے تصدیق کے بعد فارم نادرا دفتر میں جمع کرائیں۔
فیس کی ادائیگی: درخواست منظور ہونے پر موصول ہونے والے پیغام کے مطابق فیس جمع کرائیں۔
فیس اور ڈیلیوری
نارمل کیٹیگری: 50 روپے فیس، 7 دن میں ڈیلیوری۔
ایگزیکٹو کیٹیگری: 50 روپے فیس، 1 دن میں ڈیلیوری۔
آخری مرحلہ
مدت پوری ہونے پر درخواست دہندہ کو نادرا دفتر سے ب فارم فراہم کردیا جائے گا۔