محنت کرکے اس مقام کو حاصل کریں گے جہاں قرض نہ لینا پڑے، وزیراعظم

شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ محنت کرکے اس مقام کو حاصل کریں گے جہاں قرضے نہ لینا پڑیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق زرعی شعبے میں تربیت کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ زرعی شعبے میں تربیت کے لیے نوجوانوں کو میرٹ پر منتخب کیا ہے، چین زراعت میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کررہا ہے،  300 طلبا کا پہلا بیچ چین سے واپس آچکا، طلبا نے چین میں اعلیٰ تعلیم اور ٹریننگ حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ چین سے تربیت حاصل کرنے والے طلبا ملک کے لیے فائدہ مند ہوں گے، زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کی پاکستان میں منتقلی ترجیح ہے، مدد کرنے پر چینی صدر، سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ چین میں تعلیم کے لیے بچوں کو میرٹ پر چنا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پورے ملک کے بچوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ تھمائیں گے، بلوچستان کو ترقی کی دوڑ میں دوسرے صوبوں کے برابر لانے کا فیصلہ کیا ہے، لیپ ٹاپ اسکیم میں بھی بلوچستان کا کوٹہ 10 فیصد زیادہ رکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں صرف میرٹ، امانت، دیانت کا سکہ الرائج ہوگا، پاکستان دوبارہ اپنی ترقی کی منزل حاصل کرے گا۔