پنکچر لگانے والا پاکستانی نوجوان ایشین چیمپئن بن گیا! (ویڈیو دیکھیں)

(22 اگست 2025): ملتان میں گاڑیوں میں پنکچر لگانے کا کام کرنے والے فراست علی نے باڈی بلڈنگ ایشین چیمپئن بن کر بنکاک میں پاکستانی پرچم بلند کر دیا۔

ٹیلنٹ کسی نام و رتبے کا محتاج نہیں، خداداد صلاحیتوں کا اظہار کر کے عام لوگ بھی دنیا میں اپنا اور ملک وقوم کا نام روشن کرتے ہیں۔ ایسے ہی با صلاحیت کھلاڑیوں میں شمار کیا جائے گا اب فراست علی کو بھی۔

ملتان کے رہائشی فراست علی نے تھائی لینڈ میں جاری 57 ویں باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ کی جونیئر کٹیگری میں گولڈ میڈل حاصل کر کے ایشین چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کیا۔

فراست علی نے 75 کلو گرام کٹیگری میں بھارت اور افغانستان کے تن سازوں کو شکست دی اور طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔

پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے سیکریٹری سہیل انور کا کہنا ہے کہ فراست علی ملتان میں پنکچر کی دکان پر کام کرتا ہے۔

پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن نے فراست علی کی اس کامیابی کو ملکی کھیلوں کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے یہ ایک روشن مثال ہے۔

 

واضح رہے کہ فراست علی نے گزشتہ برس مسٹر پنجاب کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا تھا اور اب ملک سے باہر ایشیائی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

اسی چیمپئن شپ میں ماسٹر کٹیگری میں 51 سالہ اعجاز خان نے 80 کلو گرام کی کٹیگری میں طلائی تمغہ جیت کر پاکستان کو دوسرا گولڈ میڈل دلایا۔