کراچی: پولیس نے پٹاخوں کے گودام کے مالک حنیف پٹاخہ کو گرفتار کرلیا

کراچی میں پولیس نے پٹاخوں کے گودام کے مالک حنیف عرف پٹاخہ کو گرفتار کرلیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق دو روز قبل کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر پٹاخوں کے گودام میں دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔

پولیس حکام نے گودام کے مالک حنیف پٹاخہ کو گرفتار کرلیا ہے، ملزم زخمی حالت میں نجی اسپتال میں زیر علاج ہے، حنیف کی صحت ٹھیک نہ ہونے کے باعث بیان قلمبند نہیں کیا جاسکا۔

پولیس کے مطابق حنیف کا بھائی ایوب گزشتہ رات جناح اسپتال سے فرار ہوگیا تھا جس کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے، دونوں بھائیوں کو واقعے کی ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا ہے۔

یہ پڑھیں: دکانداروں نے پٹاخوں کے کارخانے کے مالک کی گاڑی پر حملہ کردیا

مقدمے میں قتل بالسبب، غفلت و لاپرواہی اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے بڑی تعداد میں پٹاخے بھی برآمد کیے گئے ہیں، گودام میں دھماکے کے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ دھماکے کے نتیجے میں اب تک 6 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، عمارت سے 4 افراد کی لاشیں ملیں جبکہ 2 زخمی دم توڑ گئے۔