بونیر میں کلاؤڈ برسٹ سے 234 افراد جاں بحق ہوئے، سرکاری رپورٹ

پیپلز پارٹی سیلاب خیبرپختونخوا آفت زدہ

پشاور (23 اگست 2025): خیبرپختونخوا کے علاقے بونیر میں کلاؤڈ برسٹ سے ہونے والی اموات سے متعلق سرکاری رپورٹ جاری کر دی گئی، جس میں کہا گیا ہے کہ بونیر میں 234 افراد جاں بحق ہوئے۔

بونیر میں کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر سرکاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سب سے زیادہ بونیر میں دو سو چونتیس افراد جاں بحق ہوئے، کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب سے 162 گھر تباہ جب کہ 575 گھر جزوی متاثر ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق سیلاب سے 110 کلو میٹر سڑکیں، پل اور دیگر انفرااسٹرکچر شدید متاثر ہوا ہے، اور 55890 ایکڑ زرعی اراضی سیلاب کی نذر ہو گئی ہے، 825 دکانیں تباہ ہو گئیں، اور 3638 مویشی ہلاک ہوئے۔

بونیر میں پورے پورے گاؤں دفن، ملبہ اجتماعی قبریں بن گئیں (ویڈیو رپورٹ)

سرکاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ندی نالے ٹوٹنے سے محکمہ پبلک ہیلتھ کو 19 کروڑ 48 لاکھ کا نقصان ہوا، 29 تعلیمی ادارے متاثر ہوئے، جن میں سے 23 میل تعلی ادارے جزوی طور پر، 1 میل مکمل طور پر، اور 5 فیمیل تعلیمی ادارے جزوی متاثر ہوئے۔

محکمہ زراعت کی 26142 ایکڑ اراضی برباد ہو گئی، جس پر 25 کروڑ سے زائد نقصان ہوا ہے، ہائی وے اتھارٹی کی 4 کلو میٹر سڑک بہہ گئی، جس سے 32 کروڑ سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔