پی سی بی کا پی ایس ایل کے 10 سالوں پر ڈاکومنٹری بنانے کا فیصلہ

پی سی بی کا پی ایس ایل کے 10 سالوں پر ڈاکومنٹری بنانے کا فیصلہ

لاہور (23 اگست 2025): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10 سالوں پر ڈاکومنٹری بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے 10 سالوں پر جدید عالمی معیار کی دستاویزی فلم بنائی جائے گی، یہ دستاویزی فلم پاکستان سپر لیگ پی ایس ایل کے 2016ء سے 2025ء تک کے سفر کے اتار چڑھاؤ اور کامیابیوں پر مبنی ہو گی۔

دستاویزی فلم میں پی ایس ایل کی دبئی سے پاکستان منتقلی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو لانے جیسے چیلنجز پر روشنی ڈالی جائے گی جبکہ کووڈ کے ایام میں پی ایس ایل کو درپیش چیلنجز اور ان مقابلوں کا بھی خصوصی ذکر کیا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق دستاویزی فلم میں پی ایس ایل دنیا کی بڑی لیگوں میں ٹاپ پر کیسے آئی اس کا سارا خلاصہ کیا جائے گا۔

پاکستان سپر لیگ پی سی بی کا ڈاکومنٹری کے لیے خواہشمند افراد اور کمپنیوں سے اگلے ہفتے پیش کش طلب کرنے کا امکان ہے۔ پی سی بی شہرت یافتہ اور ماہر کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کا خواہشمند مند ہے۔

دوسری جانب راشد لطیف نے بابر اعظم اور محمد رضوان کے ایشیا کپ اسکواڈ سے اخراج کو اندرونی سیاست کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔

اگلے ماہ یو اے ای میں ہونے والے ایشیا کپ کے لیے قومی اسکواڈ میں پاکستان کے سابق کپتان اور ریکارڈ ساز بلے باز بابر اعظم اور محمد رضوان کو ڈراپ کیا گیا ہے، جس پر مختلف حلقے تعجب کا اظہار اور سلیکشن کمیٹی کے فیصلے پر تنقید کر رہے ہیں۔ اب پاکستان ٹیم کے سابق کپتان اور بے لاگ اپنا موقف پیش کرنے والے راشد لطیف بھی اس پر بول پڑے ہیں۔

راشد لطیف نے خلیج ٹائمز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بابر اعظم اور محمد رضوان کے ٹیم سے اخراج کو اندرونی سیاست کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کی حالیہ کارکردگی میں کمی ضرور آئی ہے، لیکن انہیں صرف کرکٹنگ وجوہات نہیں بلکہ سیاست کی بنا پر ایشیا کپ کے اسکواڈ سے باہر کیا گیا ہے۔

قومی ٹیم سے ڈراپ بابر اعظم نے بیٹنگ پریکٹس کا آغاز کردیا

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر ہے۔ ایسے وقت میں بابر اور رضوان جیسے کھلاڑیوں کو نظر انداز کرنا سمجھ سے بالاتر ہے، کیونکہ ہمارے پاس کوئی ڈان بریڈ مین جیسا بلے باز تو ہے نہیں۔