آنے والے دو ہفتے خطرناک ہوں گے ، چیئرمین این ڈی ایم اے نے پھر خطرے کی گھنٹی بجادی

چیئرمین این ڈی ایم اے

اسلام آباد : چیئرمین این ڈی ایم اے نے پھر خطرے کی گھنٹی بجادی اور کہا سندھ، پنجاب اور گلگت بلتستان سے سیلاب کا خطرہ ٹلا نہیں، آنے والے دو ہفتے خطرناک ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیشِ نظر ایک اور الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق آج سے 30 اگست تک ملک کے بیشتر حصوں میں شدید بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں کے زیرِ آب آنے کا امکان ہے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ سندھ، پنجاب اور گلگت بلتستان سے سیلاب کا خطرہ ٹلا نہیں، آنے والے دو ہفتے خطرناک ہو سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ بارشوں کا اسپیل 23 ستمبر تک جاری رہے گا، یہ اسپیل آنے والے دو ہفتوں میں کراچی پر منڈلاتا رہے گا اور بعد ازاں پنجاب کے بالائی علاقوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی جانب بڑھے گا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ دریائے ستلج میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے اور آنے والے دنوں میں بہاؤ دو لاکھ کیوسک تک پہنچ سکتا ہے۔ اس صورتِ حال کے پیش نظر دریائے ستلج کے اطراف بسنے والی آبادیوں کے انخلا کو ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔

انھوں نے عوام کو ہدایت کی کہ وہ ادارے کی جانب سے جاری کردہ الرٹس پر نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورت میں فوری انخلا کو یقینی بنائیں۔

چیئرمین این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ دنوں قومی رسپانس سسٹم کو بہتر کیا گیا ہے۔ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں مینجمنٹ کے مراحل مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں پاک فوج اور ایف سی کے دستے تعینات ہیں، جنہوں نے کئی قیمتی جانیں بچائیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر متاثرین کے کیمپس میں امدادی سامان پہنچایا جا رہا ہے، جبکہ صوبائی حکومتیں، وفاقی ادارے، این جی اوز اور نجی شعبے بھی بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔