راولپنڈی : پاکستان کی سب سے بڑی آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ 2025 کا سفر کامیابی سے مکمل کرلیا ، ملک بھر سے طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ 2025 کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی، پاکستان کی سب سے بڑی اس انٹرن شپ میں ملک بھر سے طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔
چھ ہفتوں پر مشتمل اس پروگرام میں 33 شہروں سے تعلق رکھنے والے 6 ہزار 500 سے زائد طلبہ نے حصہ لیا، جو ملک کے 150 سے زائد سرکاری و غیر سرکاری تعلیمی اداروں کی نمائندگی کر رہے تھے۔
انٹرن شپ کے دوران طلبہ کے لیے خصوصی نشستوں کا اہتمام کیا گیا، جن میں ڈی جی آئی ایس پی آر اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کی نامور شخصیات نے طلبہ سے براہِ راست تبادلۂ خیال کیا۔
شرکا کو پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول، نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی، پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ سمیت مختلف فوجی تنصیبات کے دوروں کا موقع بھی ملا۔ ان وزٹس کے ذریعے طلبہ نے پاک افواج کی آپریشنل تیاریوں اور دفاعی صلاحیتوں کا قریب سے مشاہدہ کیا۔
طلبہ نے انٹرن شپ کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام نے انہیں قیمتی تجربات اور نئی سیکھنے کے مواقع فراہم کیے۔
اختتامی تقریب میں طلبہ کو آئی ایس پی آر کی جانب سے اعزازی اسناد سے نوازا گیا۔