’جس کا دل چاہتا ہے 9 مئی کے ملزمان کے گناہ مریم نواز کے کھاتے میں ڈال دیتا ہے‘

مریم نواز پنجاب سیلاب

لاہور (23 اگست 2025): وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے 9 مئی کے ملزمان کی گرفتاریوں پر ہونے والی تنقید کا جواب دے دیا۔

عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ جس کا دل چاہتا ہے 9 مئی کے ملزمان کے گناہ مریم نواز کے کھاتے میں ڈال دیتا ہے، کیا وزیر اعلیٰ پنجاب خیبر پختونخوا حکومت کی طرح 9 مئی کے دہشتگردوں کو شیلٹر فراہم کریں؟

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی حکومت نہیں جس میں طے کیا جائے کہ کس کو اٹھانا اور کس کو چھوڑنا ہے، یہ مریم نواز کی حکومت ہے جس میں تمام ادارے آزاد اور خود مختار ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ جو مقدمات میں نامزد اور مطلوب ہیں ان کو ہر صورت سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اشتہاریوں اور مفروروں کو پکڑنا کسی کی خواہش نہیں بلکہ قانون کا فرض ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کور کمانڈر کے یونیفارم کی توہین کرنے والے مظلومیت کارڈ مت کھیلیں، کور کمانڈر ہاؤس بھی کسی کا گھر ہے وہاں بھی چادر چار دیواری کو پامال کیا گیا، کیا صرف چادر چار دیواری پی ٹی آئی کے لوگوں کی ہے باقیوں کی نہیں؟

گزشتہ روز عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں بانی پی ٹی آئی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ مقبولیت تو فرعون اور شیطان کی بھی بہت ہے لیکن وہ فرشتے نہیں بن سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کرنے اور کروانے والے کسی معافی کے مستحق نہیں، 9 مئی ایک ناکام بغاوت تھی جس کے تمام شواہد منظر عام پر آ چکے ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ناکام بغاوت اور سازش کے مرتکب کردار سیاسی لبادے میں نہیں چھپ سکتے، سیاست کی آڑ میں ریاست پر چڑھائی اور شہدا کے مجسمے جلا کر کون سی قوم کی خدمت کی گئی؟