لاہور (23 اگست 2025): وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں 2، 2 اے سی لگوا دیں یا پی سی کھانے منگوا دیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نواز شریف نے مینار پاکستان پر کہا تھا ملک کو بھنور سے نکالنے کیلیے ادارے سر جوڑیں جبکہ اس سال یوم آزادی پر وزیر اعظم شہباز شریف نے میثاق استحکام پاکستان کا عنوان دیا، میثاق استحکام ہی پاکستان میں سیاسی و معاشی استحکام ہے جو ٹیبل پر بیٹھ کر ہوگا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جب تک ٹیبل پر بیٹھ کر مسئلہ نہیں بتائیں گے معاملہ حل نہیں ہوگا، میثاق استحکام پاکستان پر بات ہو کر منطقی انجام تک پہنچنا چاہیے، ڈائیلاگ یا گرفتاریوں سے عدالتی فیصلوں کا کوئی تعلق نہیں ہوتا، جس تفتیشی کے پاس کیس ہوگا گرفتاری کرنے والے نے ڈائیلاگ نہیں کرنا، ریلیف ملتا ہے یا خلاف فیصلہ آئے تو تنقید قانونی آئینی حدود میں رکھیں۔
یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی کے بیٹے جو مناسب سمجھتے ہیں وہ کریں، رانا ثنا اللہ
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جیل میں اچھا وقت گزارا ہے، انہیں 2، 2 اے سی لگوا دیں یا صبح، دوپہر اور شام کھانے پی سی سے منگوا دیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی امیدوار کے کاغذات نامزدگی پر ہم نے کوئی اعتراض نہیں لگایا، 9 ستمبر کو ضمنی الیکشن ہوگا معزز ایوان فیصلہ کرے گا، کاغذات نامزدگی آئینی قانونی مرحلہ ہے جمہوری اور صحت مند روایت ہے۔