نیا قانون متعارف ! گاڑی مالکان کے لئے بڑی خبر

گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لئے نیا قانون متعارف

پشاور: گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لئے نیا قانون متعارف کرادیا گیا ، جس کے تحت گاڑی کی فروخت کے بعد بھی رجسٹریشن نمبر گاڑی کے مالک کے پاس ہی رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی میں کے پی موٹر وہیکل آرڈیننس ترمیمی بل 2025 پیش کر دیا گیا، جس کے تحت شہری اپنی پسند کا شخصی رجسٹریشن مارک حاصل کر سکیں گے۔

مجوزہ بل کے تحت گاڑی کی فروخت کے بعد بھی رجسٹریشن نمبر گاڑی کے مالک کے پاس ہی رہے گا، تاہم اگر تین سال تک نمبر استعمال نہ ہوا تو اسے منسوخ کر دیا جائے گا۔

بل میں رجسٹریشن نمبر کی جعلسازی پر بھاری جرمانے اور گاڑی ضبط کرنے کی سزا تجویز کی گئی ہے۔ مزید یہ کہ ہر سال بائیو میٹرک تصدیق کے بعد ہی رجسٹریشن نمبر فعال رکھا جائے گا۔

ترمیمی بل کے تحت متعلقہ افسران کو سڑکوں پر گاڑیوں کی چیکنگ اور تصدیق کا اختیار بھی دیا جائے گا، جبکہ مالک کی وفات کی صورت میں گاڑی خودکار طور پر ان کے لواحقین کے نام منتقل ہو جائے گی.

مزید پڑھیں : سخت شرائط! ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کے لیے اہم خبر آگئی

یاد رہے گذشتہ روز سندھ موٹر وہیکلز (ترمیمی) بل 2025 کی منظوری دی گئی تھی یہ منظوری آئین کے آرٹیکل 116 کے تحت دی گئی جس کے بعد بل فوری طور پر نافذ العمل ہوگیا۔

بل کے تحت ہیوی وہیکلز کے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء پر مزید شرائط عائد کر دی گئی ہیں، ایل ٹی وی (لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکل) اور ایچ ٹی وی (ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکل) لائسنس کے لیے پری لائسنس ٹریننگ کورس کو لازمی قرار دیا گیا ہے، تاکہ ڈرائیورز مناسب تربیت حاصل کرنے کے بعد ہی لائسنس حاصل کرسکیں۔

گورنر سندھ نے کہا تھا کہ شہریوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ قانون سازی کی گئی ہے۔ ان کے مطابق موٹر وہیکلز بل کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔