کراچی میں ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس نے تاجر کے اندھے قتل کا معمہ حل کرلیا۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق پولیس نے مرکزی ملزم سمیت دونوں اجرتی قاتل گرفتار کرلیے، ملزمان نے 18 اگست کو اورنگی شاداب گراؤنڈ کے قریب تاجر محمد نعیم کو قتل کیا تھا۔
قتل کا مقدمہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں اورنگی تھانے میں درج کیا گیا۔
ایس ایچ او پاکستان بازار نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم محمد نوید عرف شاکر اور محمد عمر کو گرفتار کرلیا۔
ملزمان نے انکشاف کیا کہ مقتول کے قتل کی سپاری ساتھی تاجر نے دی تھی، سپاری دینے والے تاجر نے صبح گھر سے نکلنے کی اطلاع دی۔
یہ پڑھیں: کراچی : بچوں کو اسکول چھوڑ کر واپس آنے والے تاجر کو قتل کردیا گیا
ایس ایس پی کے مطابق مقتول کو بیٹے کو اسکول چھوڑنے کے بعد تعاقب کرکے قتل کیا گیا، ساتھی تاجر نے ذاتی عناد پر قتل کی سپاری ڈیڑھ لاکھ روپے دے رکھی تھی۔
پولیس کے مطابق قاتل کو اب تک 50 ہزار روپے کی ادائیگی ہوچکی تھی، گرفتار ملزمان کے خلاف غیرقانونی اسلحے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ قتل کی سازش کے مرکزی کردار کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔