بنگلادیش سے ایسے تعلقات چاہتے ہیں جو ہمیں متحد کریں، اسحاق ڈار

اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ بنگلادیش کے ساتھ ایسے تعلقات چاہتے ہیں جو ہمیں متحد کریں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ بنگلادیش کی خود مختاری کا احترام کرتے ہیں دونوں ملکوں کے عوام اور خطے کی ترقی، خوشحالی کے لیے کام کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی خطرات اور موسمیاتی تبدیلیاں بڑے چیلنجز ہیں، ایسا ماحول بنائیں جس میں کراچی سے چٹاکانگ نوجوان مل کر چیلنجز کا مقابلہ کریں۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ ایسا ماحول ہو جس میں کوئٹہ سے راج شاہی نوجوان مل کر کام کریں، لاہور سے ڈھاکا تک نوجوان مل کر روشن مستقبل کے خوابوں کی تعبیر کریں۔

اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان تجارتی تعاون بڑھ رہا ہے، عالمی اور علاقائی مسائل پر پاکستان اور بنگلادیش کے خیالات یکساں ہیں۔

یہ پڑھیں: نائب وزیراعظم کی جماعت اسلامی بنگلادیش کے وفد سے ملاقات، رہنماؤں، کارکنوں کی ثابت قدمی کوسراہا

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کے بنگلادیش کے عوام کے ساتھ برادرانہ جذبات ہیں، پاکستان اور بنگلادیش کے تعلقات صدیوں پر محیط ہیں۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ مشترکہ روایات، اسلامی ورثے، سماجی اقدار اور ادبی اظہار پر مبنی تعلقات ہیں، بنگلادیش کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ نائب وزیراعظم کے اعزاز میں بنگلادیش میں پاکستانی ہائی کمشنر نے استقبالیہ دیا جس میں اسحاق ڈار سے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے ملاقات کی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بنگلادیش حکومت کے مشیر، بیورو کریٹس، دانشور، صحافی، ریٹائرڈ جنرلز ودیگر شامل ہیں، وفاقی وزیر جام کمال نے بھی استقبالیہ میں شرکت کی۔