ریڑھی بان کا ساتھیوں کے ساتھ دو بھائیوں پر بدترین تشدد، ایک جاں بحق، لوگ ویڈیو بناتے رہے

مانگا منڈی بھائیوں پر تشدد

لاہور (24 اگست 2025): مانگا منڈی میں ریڑھی بان نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر دو بھائیوں پر بدترین تشدد کیا جس سے ایک جاں بحق ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق رائیونڈ پولیس کا کہنا ہے کہ رائیونڈ میں دو بھائیوں پر بدترین تشدد کا ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ایک بھائی جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا ہے، جس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور جب بھائیوں پر تشدد کر رہے تھے تو وہاں موجود ہجوم انھیں بچانے کی بجائے ویڈیو بناتا رہا، خون میں لت پت لڑکا اپنے بے ہوش بھائی کا سر گود میں لیے بیٹھا تھا، ایک ملزم نے آگے بڑھ کر زخمی بھائی کے سر پر زور سے بیٹ مارا تو وہ بھی بے ہوش ہو گیا۔

پولیس حکام کے مطابق بابلیانہ کے قریب بھائیوں اور ریڑھی بان کے درمیان قیمت کے تنازع پر جھگڑا ہوا، جس پر پھل فروش اویس نے اپنے بھائی سمیت ساتھیوں کو بلا لیا، جنھوں نے ڈنڈے، سوٹے اور بیٹ سے دونوں بھائیوں پر بہیمانہ تشدد کیا۔

واجد اور راشد کو زخمی حالت میں جنرل اسپتال لاہور منتقل کیا گیا، جہاں 21 سالہ واجد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، تشدد سے زخمی 17 سالہ راشد کی حالت تشویش ناک ہے۔

رائیونڈ پولیس نے مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، جس کے مطابق بھائیوں پر تشدد کا واقعہ 21 اگست کو پیش آیا، ایس ایچ او رائیونڈ کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔