لاہور (24 اگست 2025): پی آئی اے روڈ پر زہریلا کھانا کھانے سے 2 بچوں کی ہلاکت کے بعد پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز نے پی آئی اے روڈ لاہور پر واقع ریسٹورنٹ رولنگ پیلس میں زہریلا کھانا کھانے سے دو بچوں کی ہلاکت کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے، اور ہوٹل مالک سمیت کچن اسٹاف کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی آر کے مطابق لاہور کی فیملی نے 16 اگست کی رات ریسٹورنٹ میں کھانا کھایا تھا، لیکن گھر پہنچتے ہی دونوں بیٹیوں اور ایک بیٹے کی طبیعت خراب ہو گئی، افسوس ناک طور پر دونوں بیٹیاں 18 اور 19 اگست کی رات فوت ہو گئیں، 6 سالہ تحریم اور 4 سالہ ارحا زہریلا کھانا کھانے سے جاں بحق ہوئیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق مقدمہ والد عظیم کی مدعیت میں تھانہ ستوکتلہ میں درج کیا گیا ہے، جس کے بعد ہوٹل مالک اور کچن ملازمین کو گرفتار کیا گیا، واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
شوارما کھانے سے متعدد افراد کی حالت غیر ہو گئی
واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے شہر حافظ آباد میں مبینہ طور پر شوارما کھانے سے متعدد افراد کی حالت غیر ہو گئی تھی، فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ مضر صحت شوارما کھانے سے 3 فیمیلیوں کے 9 افراد متاثر ہوئے ہیں، جو سول اسپتال میں داخل کر دیے گئے ہیں، اور تمام کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے تفصیلی چیکنگ کے بعد شوارما پوائنٹ کو سیل کر دیا، 40 کلو گوشت، 16 لٹر آئل، 15 کلو مایونیز، بھاری مقدار میں فرائز اور سلاد کو تلف کر دیا گیا۔
ادھر گزشتہ رات ٹھٹھہ شہر میں مکلی کے قریب مضر صحت بریانی کھانے سے خاتون اور بچوں کی حالت غیر ہو گئی، اہل خانہ نے بتایا کہ بریانی باہر سے خرید کر کھائی تھی۔ متاثرہ افراد کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، خاتون اور 3 بچوں کو نیم بے ہوشی کی حالت میں اسپتال لایا گیا، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بریانی باہر سے منگوائی گئی تھی جس کے کھانے کے بعد بچوں کی حالت بگڑنا شروع ہو گئی۔