اسحاق ڈار کل سعودی عرب کے 2 روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے

اسحاق ڈار بنگلہ دیش کے دورے پر روانہ، اہم ملاقاتیں کریں گے

اسلام آباد (24 اگست 2025): نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار 25 اور 26 اگست کو سعودی عرب کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار جدہ میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کریں گے اور دورہ سعودی عرب کے لیے وہ بنگلہ دیش کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد ڈھاکا سے براہ راست جدہ روانہ ہوں گے۔

اجلاس میں او آئی سی رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔ اجلاس میں فلسطین کی صورتحال اور اسرائیلی فوجی جارحیت، غزہ پر اسرائیلی قبضے اور فلسطینی عوام کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر ردعمل کے لیے غور ہوگا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کرتا اور عالمی فورمز پر اس مسئلے کو اجاگر کرتا رہا ہے۔ او آئی سی کے ہنگامی اجلاس کے دوران نائب وزیراعظم بھی پاکستان کی اصولی موقف کو دہرائیں گے اور پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کریں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسحاق ڈار فلسطین کے لیے وہ فلسطینیوں کی مزید جبری بےدخلی کے اسرائیلی منصوبے کی شدید مخالفت کریں گے اور اسرائیل کے تمام مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے مکمل انخلا پر زور دینگے۔ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی بلا تعطل فراہمی اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی بحالی کا مطالبہ کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم کی جدہ میں او آئی سی رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔