اسلام آباد (24 اگست 2025): نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے دورہ بنگلہ دیش کے تسلسل میں پاکستان نے انتہائی اہم فیصلہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بنگلہ دیش کے دو روزہ دورے پر ڈھاکا میں موجود ہیں۔ اسی دورے کے تسلسل میں پاکستان نے انتہائی اہم فیصلہ کیا ہے اور وفاقی حکومت نے پاکستان بنگلہ دیش نالج کوریڈور کے قیام کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاک بنگلہ دیش نالج کوریڈور منصوبے کے تحت 5 سال میں 500 بنگلہ دیشی طلبہ کو پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے لیے اسکالر شپ دی جائے گی اور اس اسکالر شپ کا 25 فیصد میڈیسن فیلڈ میں دیا جائے گا۔
بنگلہ دیش کے 100 سول سرونٹس کو پاکستان میں تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ پاکستان نے تیکنیکی معاونت کی مد میں بنگلہ دیشی طلبہ کیلیے اسکالر شپس کی تعداد 25 کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
دریں اثنا نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ڈھاکا میں امیر جماعتِ اسلامی بنگلہ دیش ڈاکٹر شفیق الرحمان سے ملاقات اور ان کی سیاست، تعلیم اور سماجی بہبود کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ اسحاق ڈار کے دورہ بنگلہ دیش کے دوران دونوں ممالک کے درمیان 6 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
https://urdu.arynews.tv/pakistan-bangladesh-mous-agreements-24-aug-2025/